اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق تہران میں ہنگری کے نائب وزیر اعظم زولٹ شمین (Zsolt Semjén) سے بات چیت کرتے ہوئے حسین علی امیری نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران تمام عالمی معاہدوں کا پابند ہے اور امید کرتا ہے کہ دیگر ممالک بھی جامع ایٹمی معاہدے کے تحت اپنے وعدے پورے کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ بعض ممالک جامع ایٹمی معاہدے پر عملدرآمد کی راہ میں روڑے اٹکا رہے ہیں جو کسی طور بھی عالمی برداری کے مفاد میں نہیں ہے۔
صدر ایران کےمعاون خصوصی برائے پارلیمانی امور نے کہا کہ تہران کو توقع ہے کہ ہنگری اپنے اثر و رسوخ سے استفادہ کرتے ہوئے، جامع ایٹمی معاہدے سمیت تمام عالمی معاہدوں پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی کوشش کرے گا۔
ہنگری کے نائب وزیر اعظم زولٹ شمین نے اس موقع پر بعض مغربی ملکوں کی جانب سے ایران اور روس کے خلاف عائد کی جانے والی پابندیوں کی مخالفت کی -
انہوں نے امید ظاہر کی کہ ہنگری اور ایران کے تعلقات میں تیزی کے ساتھ فروغ آئے گا اور دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور بینکاری لین دین، جلد مطلوبہ سطح پر پہنچ جائے گا۔
زولٹ شمین نے کہا کہ ہنگری ایران کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے اور تجارتی اور اقتصادی تعلقات کے ساتھ ساتھ ثقافتی تعلقات کے فروغ کے لیے بھی پوری طرح تیار ہے۔
ہنگری کے نائب وزیر اعظم زولٹ شمین ایک اعلی سطحی وفد کے ہمراہ ہفتے کی شام تہران پہنچے ہیں۔
.......
/169